ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار کے کائیگااٹامک پلانٹ کی توسیع کے خلاف ملّا پور میں ہوگا 17نومبر کو عوامی احتجاجی مظاہرا۔ سوامی گنگادھر سرسوتی کا اعلان

کاروار کے کائیگااٹامک پلانٹ کی توسیع کے خلاف ملّا پور میں ہوگا 17نومبر کو عوامی احتجاجی مظاہرا۔ سوامی گنگادھر سرسوتی کا اعلان

Mon, 04 Nov 2019 10:25:15    S.O. News Service

یلاپور 4/ نومبر (ایس او نیوز) کاروار میں جوہری توانائی کے لئے قائم’کائیگا اٹامک اینرجی پلانٹ‘ میں توسیع کرنے اور پانچویں اور چھٹویں یونٹ کی تعمیر کے منصوبے  کے لئے محکمہ ماحولیات نے جو اجازت دی ہے اس کے خلاف کاروار کے  ملّاپور میں 17نومبر کو زبردست عوامی احتجاجی مظاہرا کیا جائے گا۔ 

 اس احتجاجی مظاہرے کا اعلان سوورن ولّی مٹھ کے سوامی گنگادھر سرسوتی نے یلاپور میں بیڈتی اگناشنی کولّا سنرکھشنا سمیتی کی طرف سے منعقدہ پروگرام میں خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ ضلع کے تمام مٹھوں کے سوامیوں کا اس احتجاج میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ پیجاور مٹھ سوامی وشواتیرتھ بھی اس احتجاج میں شریک ہونگے۔ اگر عوام کثیر تعداد میں شرکت کریں گے توپھر حکومت کی توجہ اس مسئلے کی طرف مبذول کروائی جاسکے گی۔

 سوامی جی نے بتایا کہ اٹامک پلانٹ کے منفی اثرات اب عوام کے علم میں آنے لگے ہیں۔ اس علاقے میں کینسر جیسے خطرناک مرض کے معاملات بڑھتے جارہے ہیں۔ اس پلانٹ کی جتنی زیادہ توسیع کی جائے گی، خطرات اور نقصانات بھی اسی قدر بڑھ جائیں گے۔مستقبل کو سامنے رکھتے ہوئے اس قسم کا احتجاج انتہائی ضروری ہوگیا ہے۔عوامی جائزاتی میٹنگ میں اٹھائے گئے سوالا ت پر حکومت کی طرف سے کوئی جواب نہیں دیاجارہا ہے۔صرف خانہ پری کے لئے عوامی میٹنگ منعقد کی گئی تھی۔

اس موقع پر گروداس فائدے نے احتجاجی پروگرام کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں ضروری قانونی جد وجہدبھی کی جائے گی۔سنکلپ سیوا سنستھا کے صدر پرمود ہیگڈے نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اٹامک اینرجی پلانٹ کی توسیع کے منصوبے سے ہاتھ اٹھا لے۔ بھارت کسان سنگھ کے ضلع صدر نے کہا کہ اب تک سرکاری ترقیاتی منصوبوں کے لئے ضلع میں 48ہزار ہیکٹر جنگلاتی زمین اور 23ہزار ایکڑ زرعی زمین سے ہاتھ دھونا پڑا ہے۔ اٹامک پلانٹ سے فی الحال 56ہزار ملین یونٹ بجلی پیدا ہورہی ہے، مگر اس کے باوجود ضلع شمالی کینرا کے لئے بجلی کی کمی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ہمارا احتجاج سیاسی اور عدالتی سطح پر ہونا چاہیے۔

 اس موقع پر امیش بھاگوت کلچے، پی جی بھٹ برگدّے، این کے بھٹ، وینکٹرمنا بیلّی نرسمہا کونی منے وغیرہ موجود تھے۔


Share: